کیلی فورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی نے دنیا کی پہلی جدید ترین کیپسول ٹرین متعارف کرادی۔ تفصیلات کے مطابق ہائپر لوپ ٹرانسپورٹیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے دنیا کی پہلی جدید ترین کیپسول ٹرین نمائش کے لیے پیش کی گئی جس کی لمبائی 105 فٹ ( 32 میٹر)
جبکہ وزن 5 ٹن کے قریب ہے۔ امریکی کمپنی نے اپنی نئی پروڈکٹ اسیپن میں منعقد ہونے والی نمائش میں پیش کی، کیپسول ٹرین کو ’کوئینٹیرو ون‘ کا نام دیا گیا جسے مختلف دھاتوں سے تیار کیا گیا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ مسافر ٹرین کم دباؤ کے باوجود ایک گھنٹے کے اندر 1200 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کیپسول ریل گاڑی پٹری پر کم رگڑ دے گی۔ کیپسول ٹرین کی تیاری کا آئیڈیا کمپنی نے 2013 میں پیش کیا تھا، ٹیوب کی مدد سے چلنے والی جدید ترین ریل گاڑی لاس ایجنلس سے سانس فرانسسکو کا سفر ڈیڑھ گھنٹے کے اندر پہنچانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ کمپنی نے جب 2013 میں آئیڈیا پیش کیا تو ماہرین کی جانب سے اس میں کئی نقائص کی نشاندہی کی گئی تھی جس کے بعد ہائپر لوپ نے پروجیکٹ پر کام کو روک دیا تھا۔ جدید ترین کیپسول ٹرین کو مسافروں کی سہولت کے لیے کب پیش کیا جائے گا اس بارے میں کمپنی کی جانب سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا البتہ ہائپر لوپ کا دعویٰ ہے کہ یہ ایجاد ٹرانسپورٹ کی دنیا میں ایک نیا انقلاب ثابت ہوگی۔