اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت اطلاعات و نشریات نے جعلی اور منفی خبروں کی روک تھام اور اس کے حوالے سے معلومات دینے کے لیے نیا ٹوئٹر اکاؤنٹ بنادیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی ہدایت پر سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی و منفی خبروں کو روکنے کے لیے ’فیک نیوز بسٹر‘ نامی ٹوئٹر ہینڈل بنایا گیا۔ وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری
کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کو سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپگینڈوں کا بر وقت آفیشل جواب دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا ’اس اکاؤنٹ کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف کاروائی کی درخواست کی جائے گی‘۔ پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا کہ اس اکاؤنٹ کو جھوٹی اور منفی خبریں پھیلانے والوں کو جواب دینے کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوسکے۔ اس اکاؤنٹ پر پہلی جھوٹی خبر کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکا بخاری کے پیغام کو ری ٹویٹ کیا گیا۔ ملیکا بخاری نے پیغام میں اپنے خلاف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی سربراہ منتخب ہونے کی جھوٹی خبروں کی تردید کی تھی۔ حکومتی ادارے کے اکاؤنٹ نے ملیکا بخاری کے پیغام کے ساتھ لکھا کہ سوشل میڈیا کا مقصد اطلاعات، تعلیم اور معلومات پھیلانا ہے جو حقائق پر مبنی ہونی چاہیے ناکہ جھوٹی خبریں یا غلط معلومات پھیلائی جائیں۔