کراچی ( آن لائن) ملک بھر میں ایک بار پھر ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے ، اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر کی قیمت 128 روپے تک پہنچ گئی۔کراچی کی اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں دو روپے چالیس پیسے اضافہ ہوچکا ہے جو تشویش ناک ہے ، اگر اس کو قابو کرنے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو ڈالر کی قیمت پر قابو پانا
ناممکن ہوجائے گا۔ دریں اثناء شرح سود میں اضافے سے مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیاں جنوری سے اب تک 350 ارب روپے تک بڑھ گئیں۔ مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مقامی سطح پر لیے گئے قرضوں پر سود کی ادائیگیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔سٹیٹ بینک نے 29 ستمبر کو شرح سود میں مزید ایک فیصد اضافہ کیا تو مقامی قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں بھی 130 سے 150 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔