اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نوازشریف کا ن لیگ میں بڑے پیمانے پر نئے افراد کی تعیناتی کا فیصلہ ۔روزنامہ خبریں میں شائع خبر کے مطابق مریم نواز کو ن لیگ کی متبادل نئی قیادت کی ذمہ داری دی جائیگی تاکہ وہ پارلیمانی سیاست کے لیے تیار ہوسکیں جبکہ احتجاجی سیاست کے لیے قومی اسمبلی میں کسی بڑے سیاست دان کو مرکزی کردار دیا جانا شامل ہے تاکہ وہ پارٹی موقف کو نہ صرف اسمبلی فلور پر بلکہ دوسرے فورمز پر بھی موثر طریقے سے اٹھا سکے۔
اس کام کے لیے احسن اقبال اور خواجہ آصف کے نام زیر گردش ہیں۔نوازشریف کو پیش کردہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیاہے کہ الیکشن میں شکست کی وجوہات دراصل جان بوجھ کر پارٹی قیادت کی جانب سے کمزور انتخابی مہم چلائے جاناہے جس کے بعد نواز شریف اب خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کچھ حلقوں سے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کی شکست پر سخت حیران بھی ہوئے تھے اور پارٹی صدر شہباز شریف سے اس کے متعلق دریافت بھی کیا گیا تھا۔