ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر نگرانی اریٹریا اور ایتھوپیا کے درمیان تاریخی جدہ امن معاہدہ طے پا گیا ۔اس معاہدے پر اریٹریا کے صدر یسیاس یفورقی اور ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد نے دست خط کردیئے،عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منعقدہ دست خطوں کی تقریب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور
بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان بھی موجود تھے۔ شاہ سلمان نے دونوں ملکوں کے لیڈروں کو سعودی عرب کے اعلیٰ سول اعزاز شاہ عبدالعزیز آرڈر سے نوازا ہے۔اس امن معاہدے سے ایتھوپیا اور اریٹریا کے درمیان گذشتہ بیس سال سے جاری جنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔دونوں لیڈروں نے اس کے علاوہ ایک دوسرے کے دارالحکومت میں اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے ، پروازوں کی بحالی اور ایتھوپیا کو اریٹریا کی بندرگاہیں استعمال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق سمجھوتوں پر بھی دست خط کیے ۔