واشنگٹن( این این آئی)سعودی عرب اگلے ماہ سے قرضوں میں دبے ارب پتی معن الصانع اور اْن کی کمپنی کی جائیداد نیلام کرے گا تاکہ قرضداروں کے واجب الادا اربوں ریال واپس کیے جا سکیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اْن کا کیس بیسیوں سعودی کاروباری شخصیات سے علیحدہ ہے جنھیں بدعنوانی کے الزامات پر گذشتہ برس گرفتار کرکے ریاض کے کارلٹن ہوٹل میں زیر حراست رکھا گیا تھا، حالانکہ اْن کے ادارے کے انتظام سے متعلق قرض دینے والوں کی جانب سے اْسی نوعیت کی تشویش پائی جاتی تھی۔
قرض دہندگان پچھلے نو برس سے سعد گروپ کا پیچھا کرتے رہے ہیں، جس کی ملکیت ملک کے مشرقی صوبے میں ہے، جب کہ قرضوں کی واپسی کا تقاضہ کیا جاتا رہا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پہلی نیلامی اکتوبر کے آخر میں الخبر اور دمام میں اْن کمرشل پلاٹوں کی زمین کی ہوگی جنہیں ابھی ہموار نہیں کیا گیا۔ ان میں ایک فارم اور آمدن دینے والی رہائشی عمارات شامل ہیں۔ایک ذریعے نے بتایا کہ نیلام ہونے پر اس ملکیت سے ایک سے دو ارب ریال، یعنی26 کروڑ 70 لاکھ سے 53 کروڑ 30 لاکھ ڈالر حاصل ہوں گی۔