میڈرڈ(این این آئی)اسپین سعودی عرب کو ماضی میں طے شدہ سودے کے تحت 400 لیزر گائیڈڈ بم فروخت کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات ہسپانوی وزیر خارجہ جوزف بورل نے ایک بیان میں کہی ۔انھوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2015ء میں طے شدہ سودے کی پاسداری کرتے ہوئے یہ بم سعودی عرب کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سعودی عرب کو لیزر گائیڈڈ بموں کی فروخت کا فیصلہ اسپین کی سابق حکومت نے کیا تھا ،وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متعدد وزراء نے ایک ہفتےتک اس ایشو اور سودے پر کام کیا ۔اسلحے کی
فروخت کے مجاز کمیشن نے تین مرتبہ اس کا جائزہ لیا ہے اور ہمیں اس پر عمل درآمد نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ملا ہے۔اسپین نے سعودی عرب کو ان بموں کی فروخت کے سمجھوتے پر عمل درآمد روک دیا تھا جس کی وجہ سے خود ہسپانوی حکام نے اس تشویش کا اظہار شروع کردیا تھا کہ اس سے اس سال جولائی میں سعودی عرب کے ساتھ جنگی بحری جہازوں کی فروخت کے لیے طے پانے والے زیادہ مہنگے سودے پر عمل درآمد پر بھی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔اسپین کی سرکاری جہاز ساز کمپنی نوانتیا نے سعودی عرب کو جنگی بحری جہاز مہیا کرنے کے اس سمجھوتے پر دستخط کیے تھے۔