واشنگٹن (این این آئی)انٹرنیٹ پر پرچون خرید وفروخت کی کمپنی ایمزان، دوسری ایسی امریکی کمپنی بن گئی ہے جس کے سٹاک کی مالیت ایک ٹریلین ڈالر سے بڑھ گئی ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق کاروبار سے متعلق خبروں میں بتایا گیا کہ ایمزان نے یہ ہدف گرین وچ وقت کے مطابق سہ پہر تین بج کر 40 منٹ پر اس وقت عبور کیا جب اس کے شیئرز کی قیمت بڑھ کر 2050 ڈالر اور 50 سینٹ ہو گئی۔
ایک ماہ قبل الیکٹرانک ٹیکنالوجی کی امریکی کمپنی ایپل نے ایک ٹریلین کا ہندسہ عبور کر کے اولیت کا اعزاز حاصل کیا تھا۔تاہم پانچ منٹ کے بعد ایمزان کے شیئرز میں ایک اعشاریہ تین فی صد کی کمی دیکھنے میں آئی۔ایمزان خریدو فروخت کے رویوں اور انداز میں انقلاب برپا کرنے والی پہلی کمپنی ہے جس نے لوگوں کو دکانوں میں جانے کی بجائے انٹرنیٹ پر خرید و فروخت کی جانب راغب کیا۔صرف دوعشرے قبل ایمزان نے اپنا آن لائن کاروبار کتابوں کی فروخت سے شروع کیا تھا جس کا دائرہ رفتہ رفتہ لاکھوں اشیاء تک دنیا بھر میں پھیل گیا۔ایمزان کی کامیابی میں ایڈورٹائزنگ کا اہم کردار ہے جس نے اس کمپنی کو بہت منافع بخش بنا دیا ہے۔ایک اہم جریدے فوربز نے ایمزان کے بانی اور سربراہ جیف بیزوز کو اس سال کے نمبر ون ارب پتی کا ٹائیٹل دیا تھا۔ایمزان کو ایک منافع بخش کمپنی بنانے میں اس کی تیز تر ترسیل کے نظام کا بھی حصہ ہے۔ اس کی شپنگ کے بعض پروگراموں کے تحت اشیا صارف تک اگلے ہی روز پہنچ جاتی ہیں۔اس سال کی پہلی سہ ماہی میں ایمزان کے منافع میں پہلی بار دو ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ایمزان کے کاروبار کے دائرے میں اب کمپیوٹنگ اور ایڈورٹائزنگ بھی شامل ہو چکی ہے۔