اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایپل اور سام سنگ تو ابھی تک لچکدار اسمارٹ فون متعارف کرا نہیں سکے مگر ایک کمپنی ایک پورے اسمارٹ فون کو کلائی پر لپیٹنے کے لیے تیار ہے۔ زی ٹی ای کی ذیلی کمپنی نوبیا نے آئی ایف اے نمائش کے دوران ایسا کانسیپٹ فون نوبیا اے متعارف کرایا جسے ‘وئیر ایبل اسمارٹ فون’ قرار دیا گیا ہے۔ اور یہ فون دیکھنے میں واقعی زبردست ہے جس میں بہترین کیمرہ بھی دیا گیا ہے۔ اس فون کا لچکدار ڈسپلے دیکھنے میں رنگا رنگ اور اس میں ٹیکسٹ کو پڑھنا آسان ہے۔ اسے کسی بریسلیٹ کی طرح کلائی میں پہنا جاسکتا ہے یا کم از کم کانسیپٹ ماڈل کو تو ایسے ہی دکھایا گیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے فی الحال
اس ڈیوائس کے ڈسپلے کے سائز اور ریزولوشن کو ظاہر نہیں کیا گیا اور نہ ہی دیگر تفصیلات کو بیان کیا گیا ہے۔ تاہم اس کے مطابق رواں سال کی آخری سہ ماہی کے دوران اس حوالے سے مزید تفصیلات بیان کی جائیں گی۔ اس فون میں فور جی کنکٹیویٹی دی گئی ہے جس سے فون کالز کرنا اور موصول کرنا ممکن ہے، فٹنس کو ٹریک کیا جاسکتا ہے، تصاویر لی جاسکتی ہیں۔ اس کے کیمرے سے ویڈیو کالز بھی کی جاسکتی ہیں تاہم اس کے رزلٹ کا انحصار آپ کے ہاتھ کی حرکت پر ہوگا۔ کمپنی کی جانب سے فی الحال اسے صارفین کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے بھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے تاہم کانسیپٹ ماڈل کو ٹیسٹ ضرور کیا جائے گا۔