اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے لاہور میں نوجوان ماڈل اور آرٹسٹ انعم نوید کے مبینہ قتل پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو واقعہ کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ مشاہدے کی بات ہے کہ اس قسم کے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا جاتا ہے۔
اس لئے پولیس کو تحقیقات کے دوران تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کو بھی ہدایت کی کہ وہ فنکاروں کی سیکورٹی کو بہتر بنائیں جو قوم کا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکار دنیا میں قومی کلچر اور اقدار کو روشناس کراتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں بیرون ملک کو مثبت تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس قسم کے واقعات آرٹسٹ کمیونٹی میں عدم تحفظ کا احساس کا موجب ہوتے ہیں اور ان کی ترجیحی بنیادوں پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔