لاہور( این این آئی)سابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ عید الاضحی کی آمد سے قبل اشیائے خوردونوش خصوصاًمصالحہ جات کی قیمتوں میں 40سے 70فیصد تک اضافہ قابل تشویش ہے ،انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو ریلیف دینے کیلئے گراں فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز اور اس کے ساتھ طلب کے مطابق رسد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صارفین کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
میاں عثمان نے کہا کہ عوام کو عید الاضحی پر گراں فروشی سے بچانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کر نے کی ضرورت ہے ۔ اگر فی الفور اقدامات نہ کئے گئے تو گراں فروشوں کی جانب سے عید الاضحی تک عوام کی جیبوں سے بلیک مارکیٹنگ کے ذریعے کرورڑوں روپے ہتھیا لئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں گراں فروشی پر قابو پانے او رخصوصاً تہواروں کے موقع پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کی جاتی تھی جس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے۔