لاہور( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب میں (ن) لیگ اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے اور اس کے مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے ،جہانگیر خان ترین کے جہاز میں آزاد امیدواروں کو بنی گالا لیجایا جارہا ہے اور بولی لگائی جارہی ہے ،ماضی میں ایسی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن کیا نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کو ایسا کرنا زیب دیتا ہے ۔ سینئر صحافی پرویز بشیر کی والدہ کے انتقال پر
اظہار تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ انتخابات پر تحفظات اور دھاندلی کے ثبوت موجود ہونے کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ جمہوریت آگے بڑھے ۔ 35حلقوں میں مسترد شدہ ووٹوں کا مارجن جیتنے والے ووٹوںں سے زیادہ ہے اور ان میں سے 24حلقے پنجاب میں ہے ۔پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ (ن) لیگ پنجاب میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے لیکن آزاد امیدواروں کو جہانگیر خان ترین کے جہاز میں بھر بھر کر بنی گالا لیجایا جارہا ہے اور ان کی بولی لگائی جارہی ہے۔ پیسے کی سیاست ہو رہی ہے اور ضمیر کو خریدا جارہاہے ۔ ماضی میں جس کسی بھی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن کیا نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کو ایسا کرنا زیب دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں خیبر پختوانخواہ میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنا سکتی تھی لیکن نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی اکثریتی پارٹی ہے اور اس کے مینڈیٹ کا احترام کیا گیا ۔عمران نیازی کے ہر اقدام کو قوم دیکھ رہی ہے انہیں باتوں سے آگے بڑھ کر عمل بھی کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ پنجاب میں اکثریتی پارٹی ہے اور اس کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے ۔ ہم جمہوری پارٹی ہیں اور ہم اپنا پورا زور لگائیں گے او ر بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے اس سوال کہ جواب کہ (ن) لیگ کو کتنے لوگوں کی حمایت حاصل ہے کہ جواب میں کہا کہ پہلے جہانگیر خان ترین سے پوچھیں انہوں نے آزاد امیدواروں کو کتنے پیسے دئیے ہیں۔