اسلام آباد(آئی این پی )مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما وسابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کی اپنی جیتی ہوئی دونوں نشستیں خالی کردیں گے اور صوبائی نشست پاس رکھیں گے ، وہ مرکز کی بجائے صوبے میں جا رہے ہیں اور تحریک انصاف کیساتھ مل کر پنجاب میں حکومت بنائی جائے گی ۔ پیر کو عمران خان سے ملاقات کے بعد نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ مرکز اور صوبے میں (ق) لیگ تحریک انصاف
کی اتحادی ہے اور صوبے میں (ق) لیگ کے دس ارکان ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ قومی اسمبلی کی دونوں نشستیں خالی کردیں گے اور صوبے میں صوبائی اسمبلی کی نشست رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں انہوں نے میرے دور وزارت اعلیٰ کے کاموں کی تعریف کی ہے خاص طور پر لاہور میں رنگ روڈ کی تعمیر ، پڑھا لکھا پنجاب اور دیگر منصوبے بھی شامل ہیں ۔ ملکی حالات کے پیش نظر تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔