بیجنگ(سی پی پی)جرمن کارسازکمپنی بی ایم ڈبلیو نے اپنے امریکی پلانٹ سے تیارکردہ گاڑیوں پر چین کی جانب سے اضافی محصولات عائد ہونے کے باعث سپورٹس کاروں کے دوماڈلز کے نرخوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چین امریکا تجارتی کشیدگی کے باعث اس کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، دنیا کی بڑی ٹرانسپورٹ مارکیٹ کے حامل ملک کی جانب سے امریکی گاڑیوں پر اضافی محصول عائد کرنے کے باعث ان کی مالیت میں اضافہ ہوچکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکی پلانٹ سے تیار کردہ سپورٹس کاروں کے دو ایس یو وی ماڈلز ایکس 5 اور ایکس 6 کے نرخوں میں 4 سے 7 فیصد تک اضافہ کیا جارہا ہے۔ادھر ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنی چین میں بڑھتی فروخت کے باعث بھاری منافع کی وجہ سے چینی محصولات کا زیادہ تر بوجھ خود برداشت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جاسکے۔