اسلام آباد (آن لائن) عام انتخابات میں کامیابی کے بعد کپتان اپنی ٹیم کے ساتھ میدان میں اترنے کیلئے تیار ،رینجرز اور ایف سی کے اضافی دستے بنی گالہ پہنچ گئے‘ پولیس کو چیک پوسٹ تک محدود رکھتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ۔ حساس اداروں کا بنی گالہ کے گرد نواح میں سرچ آپریشن، زیر تعمیر عمارتوں پر پولیس کے دستے تعینات کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018 ء میں واضح اکثریت سے تحریک انصاف کی جیت کے بعد بنی گالہ کی پہاڑیوں پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آنے والے دنوں میں اپنی ٹیم کے ہمراہ میدان میں اتریں گے۔ اس سلسلے میں بنی گالہ میں غیر ملکی سفارتکاروں‘ سیاسی شخصیات اور وی وی آئی پیز موومنٹ کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پولیس نے بنی گالہ کے مرکزی چوک پر واقعہ چیک پوسٹ سے کارکنوں اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تیزی سے تبدیلی ہوتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر ملک کو داخلی سکیورٹی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ جس کے پیش نظر ملک کے آئندہ متوقع وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ دوسری جانب تیزی سے گرتی ہوئی معاشیات میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے اور نگران حکومت نے تمام انتظامات اور نوٹیفکیشن پر عمل درآمد آئندہ آنے والی حکومت کے حوالے کردیئے ہیں۔ کپتان کی ٹیم کے ہمراہ اترنے اور سکیورٹی اداروں کے انتظامات کے حوالے سے ایس پی سٹی عامر خان نیازی نے آن لائن کے استفسار پر بتایا کہ پولیس کو مرکزی چیک پوسٹ کی سکیورٹی سونپی گئی ہے تاکہ لا گ اینڈ آرڈر کی صورت حال کو کنٹرول کیا جاسکے۔ ایس پی سٹی کا مزید کہنا تھا کہ اضافی نفری بھی طلب کی گئی جن کو چیک پوسٹوں اور گرد نواح میں تعینات کیا جائے گا۔ سکیورٹی ڈویژن کی اضافی نفری اور دیگر سکیورٹی اداروں کی معاونت سے موثر سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ سکیورٹی ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر زیر تعمیر عمارتوں میں پولیس کے دستے تعینات کرنے کے ساتھ ہفتہ کی صبح بنی گالہ کے گرد نواح میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔