اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں معیشت کے استحکام کے لیے پہلے سو دنوں میں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے معاشی پالیسی کے نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مینوفیکچرنگ اور انٹر پرائزز سیکٹر کی ترقی کے لیے اقدامات کرے گی۔ اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچاس لاکھ گھر بنانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولت
فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاحت کو فروغ دیں گے اس کے علاوہ ٹیکس ایڈمنسٹریشن اصلاحات، انرجی چیلنج سے نمٹنا، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کو گیم چینجر بنانا، درآمدات اور برآمدات کا درمیانی فاصلہ کم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ جب لوگوں کو حکومت پر اعتماد ہوگا تو وہ خود ٹیکس ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سو روزہ چیلنج میں صحت، تعلیم اور سوشل سروسز بھی شامل ہیں۔