یہ حقیقت کم لوگوں کو معلوم ہے کہ سوویت رہنماء جوزف سٹالن قطع نظر اس کے کہ وہ رسمی طور پہ لادین تھے لیکن اصل میں وہ بھی پراسرار طاقتوں پر یقین رکھتے تھے۔ سٹالن کو علم تھا کہ نازی جرمنی کے ساتھ جنگ سے بچنا ممکن نہیں لیکن ان کا خیال تھا کہ یہ جنگ 1941ء میں نہیں بلکہ دو تین سال بعد شروع ہوگی۔ ہٹلر کا حملہ سٹالن کے لیے غیر متوقع رہا تھا۔ 22 جون 1941ء کو جرمنی کے ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں سوویت یونین کی سرحد پہ پہنچ گئے تھے۔ ہٹلر کی فوجیں جو تب تک یورپ کے بیشتر حصے کو زیر کر چکی تھیں‘ ناقابل یقین حد تک طاقتور تھیں۔ ہٹلر کا منصوبہ تھا کہ تیزی کے ساتھ حملہ کرکے ماسکو کو آناً فاناً قبضے میں لے لیا جائے۔ شروع میں جرمن فوج کو کامیابی حاصل ہوتی گئی۔ سوویت فوج کو پے در پے شکست ہوتی چلی گئی تھی۔
لڑائی ماسکو کے بہت نزدیک پہنچ چکی تھی۔ موسم خزاں میں سوویت دارالحکومت میں خوف پھیل چکا تھا۔ حکومتی عہدے داروں کو یہاں سے نکال لے جانے کی بات ہو رہی تھی۔ اس مقصد کی خاطر انتہائی رازداری کے ساتھ ایک خصوصی ریل گاڑی تیار کر لی گئی تھی جسے نامعلوم منزل کی جانب روانہ ہونا تھا۔