اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں پولنگ سٹیشن کے باہر مداری کی اپنے بندر ، بکرے اور کتے کے ہمراہ آمد، قطار میں کھڑے ووٹرز ووٹ کاسٹ کرنے کے بجائے بندر کا تماشہ دیکھنے میں مصروف ہو گئے۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق لاہور کے ایک پولنگ سٹیشن میں اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے شدید حبس اور گرمی میں کھڑے تھے کہ اسی اثنا میں ایک مداری اپنے بندر ، بکرے اور کتے کے ہمراہ پولنگ سٹیشن کے باہر آگیا اور اس نے وہاں
بندر کا تماشہ دکھانا شروع کر دیا۔ مداری کے بندر کے دلچسپ کرتب دیکھ کر قطار میں کھڑے ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بجائے مداری کے گرد جمع ہو کر بندر کا تماشہ دیکھنے لگ گئے ۔ وہاں موجود میڈیا نمائندے نے جب مداری سے سوال کیا کہ وہ آج پولنگ ڈے پر ووٹ کاسٹ کرنے کے بجائے بندر کا تماشہ کیوں دکھانے نکل پڑا ہے تو اس پر مداری کا کہنا تھا کہ آج پولنگ سٹیشنز کے باہر رش ہے جس سے اس کو اچھی دیہاڑ ملنے کی امید ہے اور وہ آج کے دن گھر سے اچھی کمائی کرنے کا عزم لے کر نکلا ہے۔