اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سیالکوٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی ، پی ٹی آئی کارکنوں کا ن لیگ کے الیکشن آفس پر دھاوا، توڑ پھوڑ، ن لیگ کے 5کارکن شدید زخمی،ن لیگ کی درخواست پر تھانہ حاجی پورہ میں مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں
ن لیگ کے 5کارکن شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ تصادم اس وقت ہوا جب پاکستان تحریک انصاف کی ریلی ن لیگ کے الیکشن آفس کے سامنے پہنچی ۔ اس دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے ن لیگ کے الیکشن کے سامنے رک کر نعرے بازی شروع کر دی جس پر ن لیگ کے کارکنان بھی مشتعل ہو گئے اور انہوں نے بھی جواباََ نعرے لگانے شروع کر دئیے جس پر دونوں جانب اشتعال پھیل گیا ۔ تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے ن لیگ کے الیکشن آفس پر دھاوا بولتے ہوئے شدید توڑ پھوڑ کی تصادم کے نتیجے میں ن لیگ کے پانچ کارکن شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تھانہ حاجی پورہ میں درخواست دائر کردی گئی، جس پر کارروائی عمل ميں لائی جارہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل نارروال سے بھی اسی طرح کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار میاں رشید کے بیٹے عمر رشید کے ساتھی کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا تھا جس کی اطلاع ملتے ہی عمر رشید موقع پر پہنچ گیا اور پولیس وین پر حملہ کرتے ہوئے ساتھی کو اسلحہ سمیت پولیس کی تحویل سے زبردستی چھڑوا کر فرار ہو گیا تاہم عمر رشید کی جانب سے پولیس پر کئے جانے والے حملے میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ عمر رشید کی جانب سے پولیس وین پر حملہ اور ایک ملزم کو پولیس تحویل
سے زبردستی چھڑوا کر فرار ہو جانے پر ایس ایچ او کی مدعیت میں عمر رشید اور اسکے دیگر 12ساتھیوں کے خلاف سنگین نوعیت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔