اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے راولپنڈی کے حلقہ این اے60 میں انتخابات ملتوی کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا ہے۔عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار مختار عباس کی جانب سے نیازاللہ نیازی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کی کہ امیدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔
کسی امیدوار کو عدالت سے فرار ہونے کا خمیازہ ووٹرزکیوں بھگتیں۔عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے کر25جولائی کو الیکشن کروائے جائیں۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ بیلٹ پیپرز بھی اس وقت چھپ چکے ہیں کہ نہیں جس پر عدالت میں ایک اور سائل نے بولنے کی کوشش کی جس پر عدالت نے اسے جھاڑ پلا دی ۔بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24کل تک ملتوی کردی۔