اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہتعجب ہے کہ جو جماعتیں انتخابات بنانے کی مخالف تھیں، اب دھاندلی کا واویلا کر رہی ہیں، بلاول سیاست میں نئے ہونے کے ساتھ اس سے یکسر نابلد بھی ہیں،زرداری آج بھی پیپلز پارٹی کو نواز شریف کی پالیسیوں کا تابع بنانا چاہتے ہیں، بلاول میں دم ہے تو زرداری کو روک لیں، پیپلز پارٹی انجام سے دوچار ہے
تو بلاول اس کا جواب زرداری سے طلب کریں، عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے، شفاف انتخابات کیلئے عمران خان کی جدوجہد سب سے زیادہ ہے۔ بدھ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول کا کسی نام نہاد سازش کا اشارہ مضحکہ خیز سوچ کی عکاس ہے، شفاف انتخابات کیلئے عمران خان کی جدوجہد سب سے زیادہ ہے، ان کے سامنے کسی قائد یا جماعت کی کوشش عشیر عشیر بھی نہیں، بلاول بھٹو سیاست میں نووارد تو ہیں ہی جبکہ سیاست سے یکسر نابلد بھی ہیں، بلاول کو علم نہیں تو بتا دیتے عمران خان انتخابات میں شفافیت کیلئے سڑکوں پر تھے، ایسے وقت میں بلاول کی جماعت دھاندلی کرنے والوں سے بغل گیر تھی، بلاول کے والد نے شفافیت کا مطالبہ کرنے کی بجائے انتخابات آلودہ کرنے والی جماعت کا ساتھ دیا، انتخابات میں شفافیت پر بات کرنے سے قبل بلاول نواز شریف کا ساتھ دینے پر قوم سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ تعجب ہے کہ جو جماعتیں انتخابات بنانے کی مخالف تھیں، اب دھاندلی کا واویلا کر رہی ہیں، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو قوم نے مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو اس کی وجوہات ہیں، پیپلز پارٹی انجام سے دوچار ہے تو بلاول اس کا جواب زرداری سے طلب کریں، زرداری آج بھی پیپلز پارٹی کو نواز شریف کی پالیسیوں کا تابع بنانا چاہتے ہیں، بلاول میں دم ہے تو زرداری کو روک لیں، عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے،عمران خان بدنام زمانہ ’’مفاہمت‘‘ کے بغیر حکومت سنبھالیں گے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، قوم نے جو فیصلہ دیا اسے تسلیم کریں گے۔(اح)