اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران فرائض سے غفلت برتنے یا جعلی سازی کرنے کی صورت میں انتخابی عملے کے جرائم اور سزا کا تعین کرلیا ،ووٹر کو مجبور کرنا، ووٹ اور انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونا یا ووٹر کی رازداری افشا کرنا قانونی جرم ہوگا،سزا 2 سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عملے کی جانب سے کاغذات میں کوئی رد و بدل جرم ہوگا اور جان بوجھ کر بیلٹ پیپر پر سرکاری مہر کو خراب کرنے سمیت بیلٹ باکس کی سیل توڑنا بھی
جرم تصور کیا جائے گا۔ان جرائم میں ملوث انتخابی عملے کو 6 ماہ قید اور ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکیں گی۔اسی طرح ووٹر کو مجبور کرنا، ووٹ اور انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونا بھی غیرقانونی ہوگا جس کی سزا 2 سال قید، ایک لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کی رازداری افشا کرنا، بیلٹ پیپر پر لگائی مہر کے بارے میں کسی کو اطلاع دینا، ووٹوں کی گنتی کے وقت امیدوار یا ان کے حق میں ووٹ ڈالے جانے کی اطلاع دینے پر 6 ماہ قید یا ایک لاکھ جرمانہ ہوگا۔