لاہور(شوبز ڈیسک)نامور اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ گھٹن زدہ ماحول میں فلم انڈسٹری سمیت زندگی کا کوئی بھی شعبہ ترقی نہیں کر سکتا ،یہاں لوگ دوسروں کا احتساب تو چاہتے ہیں لیکن اپنے احتساب کے لئے کوئی بھی تیار نہیں ،پاکستانی کی فلم انڈسٹری نا مساعد حالات کے باوجود ترقی کا راستہ تلاش کر رہی ہے ۔ ایک انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ ہم لوگ دوسروں کو نیچا دکھا کر فخر محسوس کرتے ہیں لیکن اس سے حاصل ہونے والی کامیابی اور خوشی عارضی ہوتی ہے ۔
آج کے دور میں ہر کو ئی اپنی ثقافت اور حدود و قیود سے آگاہ ہے۔ ہم بلا وجہ تنقید اور رکاوٹ ڈالنے کی بجائے مثبت رد عمل دینا چاہیے ۔مائرہ خان نے کہا کہ اس کے باوجود کہ ابھی تک فلم انڈسٹری کو حکومتی سطح پر وہ معاونت فراہم نہیں کی گئی جس کی ضرورت ہے لیکن اس کے باوجو دایسی فلمیں بن رہی ہیں جنہیں ہم دوسرے ممالک میں نمائش کے لئے پیش کر سکتے ہیں ۔ اگران فلموں کو ان ممالک کی مقامی زبانوں میں پیش کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں تو یہ سونے پر سہاگہ ہوگا۔