لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی ہے ،جس میں ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔چارج شیٹ کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر ریاض نے دی جس میں ان سے 14 دن میں جواب طلب کیا گیا تاہم احمد شہزاد پرحشیش کا استعمال ثابت ہوگیا ہے جس کی پی سی بی نے تصدیق کردی ہے ٗاحمد شہزاد نے جرم تسلیم کرلیا تو کم سزا کا سامنا ہوگا ۔
ممنوع دواکےاستعمال سے انکار پر کیس اینٹی ڈوپنگ پینل کو بھیجا جائیگا ٗاحمد شہزاد پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں ٗوہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین بھی ہیں۔واضح رہے کہ احمد شہزاد پاکستان کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ٗ ان سے قبل شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمن، رضا حسن سمیت کئی کرکٹرز کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آچکا ہے اور وہ پابندی کا سامنا کرچکے ہیں۔