ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ اتھیا شیٹھی اور نوازالدین صدیقی بہت جلد رومانوی کامیڈی فلم ’’موتی چور چکنا چور‘‘ میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔فلم کے پروڈیوسر راجیش بھاٹیا نے ممبئی مرر کو دیے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ’میری ٹیم اور میں اس فلم کی مزاحیہ کہانی سے کافی متاثر ہوئے، جس میں ایک ایسے جوڑے کو پیش کیا جارہا ہے جو ایک دوسرے سے کافی مختلف ہیں۔
اس فلم میں دلہا اور دلہن کی فیملی کے درمیان بہت سے مزاحیہ لمحات پیش کیے جائیں گے اور نوازالدین صدیقی ان میں اور رنگ بھردیں گے۔رپورٹس کے مطابق اتھیا شیٹھی ایک چھوٹے گاؤں کی لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، اور صحیح انداز پیش کرنے کے لیے انہیں ورک شاپس کا حصہ بن کر پریکٹس کرنی ہے جہاں وہ اس کردار کو بخوبی نبھانے کے ساتھ اس کی بولی پر بھی مہارت حاصل کریں گی۔ اتھیا شیٹھی نے کہا کہ میں معذرت چاہتی ہوں لیکن میں ابھی اس فلم کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرسکتی، ایک مرتبہ سب کچھ فائنل ہوجائے، اس کے بعد ہی میں کچھ کہہ پاؤں گی، ابھی اس پروجیکٹ پر کام کا آغاز نہیں ہوا صرف بات چل رہی تھی، اس خبر کو ابھی باہر نہیں آنا تھا، میں نہیں چانتی سب کو کیسے پتہ چلا۔یاد رہے کی نامور بولی وڈ اداکار سنیل شیٹھی کی بیٹی اتھیا شیٹھی نے 2015 میں سلمان خان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’ہیرو‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا۔اس کے بعد وہ 2017 کی کامیڈی فلم ’مبارکاں‘ میں کام کرتی نظر آئیں۔وہ اور نوازالدین پہلی مرتبہ کسی فلم میں ایک ساتھ کام کرنے جارہے ہیں۔’’موتی چور چکنا چور‘‘ نامی اس فلم کی ریلیز اگلے سال متوقع ہے۔