ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی و وڈ بائیوگرافی فلم ‘سنجو’ میں اداکارہ نرگس دت کا کردار ادا کرنے والی منیشا کوئرالا کا کہنا ہے کہ وہ ایک خاتون ہونے کے ناطے زندگی کے ہر موڑ اور ہر لمحے خوبصورت نظر آنا چاہتی ہیں۔47 سالہ اداکارہ جو ویب اسٹریمنگ سائٹ ‘نیٹ فلیکس’ پر ریلیز ہونے والی فلم سیریز ‘لسٹ اسٹوریز’ میں پہلی بار بولڈ کردار میں نظر آئیں گی، ان کا ماننا ہے کہ وہ ماضی کے مقابلے اب خود کو زیادہ آزاد محسوس کرتی ہیں۔
اداکارہ نے خود کو درمیانی عمر کی خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ 40 سال کے بعد خود کو بطور ایک اداکارہ اور خاتون زیادہ آزاد محسوس کرتی ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں منیشا کوئرالا کا کہنا تھا کہ انہیں اداکاری سے بہت پیار ہے اور وہ کردار کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔47 سالہ اداکارہ کے مطابق انہیں احساس ہے کہ درمیانی عمر کے بعد بولی وڈ میں اداکاراؤں کو فلموں میں کام ملنا مشکل بن جاتا ہے، تاہم وہ اب بھی کرداروں کے لیے ہر وہ کام کرنے کو تیار ہیں، جس کی اس سے ڈیمانڈ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انہیں ساتھی اداکارہ شبانہ اعظمی کہتی رہتی ہیں کہ بطور ایک خاتون اور اداکارہ ہمیں ہر وقت پرکشش اور خوبصورت رہنا چاہیے اور ہمیں یہ سوچنا ہی نہیں چاہیے کہ ہم بے معنی ہیں۔اداکارہ نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘سنجو’ میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سنجے دت کی والدہ اور نرگس دت کا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے زندگی کی پہلی فلم سے لے کر اب تک کی ہر فلم میں یہ سوچ کر کام کیا ہے کہ یہ ان کی زندگی کی پہلی فلم ہے۔47 سالہ منیشا کوئرالا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے 27 سالہ فلمی کیریئر میں پہلی بار درمیانی عمر میں اسکرین پر سوئمنگ سوٹ پہنا ہے۔ان کے مطابق وہ حقیقی زندگی میں سوئمنگ سوٹ کو بہت پسند کرتی ہیں اور اسے پہنتی رہتی ہیں، لیکن انہوں نے فلمی کیریئر میں پہلی بار 47 سال کی عمر میں ‘لسٹ اسٹوریز’ میں اسے پہنا ہے۔