برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی سپر مارکیٹ چین ’ٹیسکو‘ اور فرانس کی ’کارفور‘ نے اشیا کے عالمی سپلائرز پر مزید برتری حاصل کرنے کے لیے اسٹریٹجک الائنس بنا لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق کمپنیوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’تین سال کا معاہدہ سپلائرز سے ان کے تعلقات کو وسعت دے گا، جس میں اپنے اسٹورز کی چیزوں کے لیے مشترکہ خریداری بھی شامل ہے۔‘ بیان میں کہا گیا کہ اس اشتراک سے فریقین کو اسٹورز میں دستیاب اشیا کے معیار اور ان کے انتخاب کو بہتر بنانے اور مسابقت
کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ دونوں کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ انٹرنیٹ کے ذریعے کاروبار کرنے والی اپنی حریف کمپنیوں کی جانب سے شدید دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ لوگوں کی بڑی تعداد ’ایمازون‘ جیسی سائٹس سے آن لائن خریداری کر رہی ہے۔ ٹیسکو کے حریف ’سین بَری‘ نے اپریل میں وال مارٹ کے برطانوی یونٹ ’ایزڈا‘ کو 7 ارب 30 کروڑ پاؤنڈز میں خریدنے میں رضا مندی ظاہر کی تھی اور اس معاہدے سے کمپنی برطانیہ کی سب سے بڑی سپر مارکیٹ چین بن جائے گی۔