بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈبلیو ٹی او نے کہا ہے کہ تجارتی رکاوٹوں سے روزگار کی فراہمی میں اضافہ نہیں ہو گا ،کثیرالطرفہ تجارتی نظام کی ترقی کے لیے چین کا کردار قبل تحسین ہے،چین نے با سہولت تجارتی اور آئی ٹی تیکنیکی معاہدے سمیت دیگر سمجھوتوں کی کامیابی کیلئے نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔ عالمی تجارتی تنظیم کے ترجمان کیتھ راکویل نے چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کو انٹرویو میں کہا ۔
کوئی بھی ملک تجارتی رکاوٹیں کھڑی کرنے سے اپنے لوگوں کے لیے روزگار کی فراہمی میں اضافہ نہیں کر سکتاہے۔ ڈبلیو ٹی او کے تحت تنازعات کو حل کرنے کا نظام حالیہ تجارتی کشیدگی میں کمی کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔انہوں نے کثیرالطرفہ تجارتی نظام کی ترقی کے لیے چین کے کردار کی تعریف کی۔دو ہزار ایک میں ڈبلیو ٹی او میں شمولیت کے بعد، چین تنظیم کے متعلقہ قوانین و ضوابط پر ثابت قدمی سے عمل پیرا رہا ہے اور کثیرالطرفہ تجارتی نظام میں اصلاحات اور ڈبلیو ٹی او کی متعلقہ سرگرمیوں کی بھرپور حمایت کرتا چلا آ رہا ہے۔حال ہی میں چینی حکومت نے چین اور ڈبلیو ٹی او نامی وائٹ پیپر جاری کیا جس میں کثیرالطرفہ تجارتی نظام کی حمایت کے لیے چین کے موقف اور پالیسیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔اس حوالے سے کیتھ راکویل نے کہا کہ ڈبلیو ٹی او ، چین کی جانب سے تنظیم کی بھر پور حمایت و امداد کا شکرگزار ہے۔چین نے با سہولت تجارت کے معاہدے اور آئی ٹی تیکنیکی معاہدے سمیت دیگر سمجھوتوں کی کامیابی کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں ، جو قابل تحسین ہیں۔