لاہور(شوبز ڈیسک)سینئر اداکارہ لیلیٰ زبیری نے کہا ہے کہ تیس سال کے فنی سفر میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹی ہیں اور یہ سب میرے رب کی خاص عنایت اور کرم ہے ،ہمارے دور میں شوبز میں آنا بڑا کٹھن اور مشکل کام ہوتا تھا لیکن موجودہ دور میں بے پناہ آسانیاں ہیں ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے پی ٹی وی کوئٹہ سنٹر سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا او ر اس وقت صرف ایک ہی ٹی وی چینل ہوتا تھا ۔
اس وقت نام پیدا کرنا بہت مشکل تھا جبکہ آج تو ٹی وی چینلز کی بھرمار ہے اور آج نوجوان نسل کے پاس خود کو منوانے کے بے شمار پلیٹ فارم اور مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ آپ نیک نیتی اور لگن سے کام کریں کوئی وجہ نہیں کہ آپ کو اس کا ثمر نہ ملے ۔ میں نے اپنے فنی کیرئیر میں نیک نیتی اور بھرپور لگن سے کام کیا اور میرے رب نے مجھے بے پناہ کامیابیوں سے نوازا ہے جس کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے۔