ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی ایک اور فلم 100 کروڑ کلب میں شامل ہوگئی جب کہ ’ریس تھری‘ نے تین دن میں متعدد ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ عید کے تہوار کے موقع پر بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’’ریس تھری‘‘ نے باکس آفس پردھوم مچادی جس نے صرف 3 دن میں ہی 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔
اور یوں یہ فلم سلمان خان کی صرف 3 دنوں میں 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والی چوتھی اور مجموعی طور پر 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی سلمان خان کی 13ویں فلم بھی بن گئی ہے اس سے قبل یہ ریکارڈ سلو میاں کی فلم ’بجرنگی بھائی جان ،سلطان اور ٹائیگر زندہ ہے‘ کے پاس تھا۔بھارتی تجزیہ کار ترن ادرش نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ فلم ’ریس تھری‘ نے بھارت میں پہلے روز29 کروڑ 17 لاکھ ، دوسرے روز38 کروڑ 14 لاکھ ، تیسرے روز39 کروڑ 16 لاکھ سے زائد کی کمائی کرکے مجموعی طور پر 106 کروڑ47 لاکھ کا بزنس کیا ہے جس کے بعد فلمی پنڈتوں نے فلم کے سب سے زیادہ بزنس کرنے کی پیش گوئی کردی ہے۔ترن آدرش نے رواں سال باکس آفس پر سب سے زیادہ آمدنی والی فلموں کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں فلم ’پدماوت‘ ریلیز کے پہلے ہفتے 114 کروڑکا بزنس کرکے نمبر ون رہی جب کہ سلمان اور جیکولین فرنانڈس کی فلم ’ریس تھری‘ نے ریلیز کے پہلے ہفتے 106 کروڑ47 لاکھ کما کر دوسرا نمبر حاصل کیا ہے جس کے بعد یہ 2018 کی دوسری بڑی فلم بن گئی ہے۔واضح رہے کہ معروف کوریوگرافر ریمو ڈی سوزا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ریس تھری‘ میں جیکولین کے علاوہ انیل کپور، بوبی دیول اور ثاقب سلیم نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں جوکہ فلم 15 جون کو ریلیز کی گئی تھی۔