اسلام آباد (این این آئی)وزارت پارلیمانی امور نے 31 مئی 2018 کی رات بارہ بجے 14ویں قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ جمعرات کی رات بارہ بجے قومی اسمبلی کی 5 سالہ آئینی مدت مکمل ہوگئی جس کے بعد ملک میں نگراں حکومت آئیگی، جو 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات تک ملکی معاملات سنبھالے گی۔نگراں حکومت کے لیے اب تک صرف نگراں وزیر اعظم کے نام کو
حتمی شکل دی گئی ہے اور سابق چیف جسٹس ناصرالملک یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔چاروں صوبوں کے نگراں وزرائے اعلیٰ کے ناموں کو حتمی شکل دیئے جانا اب بھی باقی ہے۔قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے سے متعلق وزارت پارلیمانی امور نے نوٹی فکیشن آئین کے آرٹیکل 52 کے تحت جاری کیا۔نوٹی فکیشن کی کاپیاں وزیر اعظم آفس، ایوان صدر، چاروں صوبوں، الیکشن کمیشن آف پاکستان، قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بھیج دی گئی ہے۔