پشاور(آئی این پی )پانچ سالوں تک کورم ٹوٹنے کی ہزیمت کاسامناکرنیوالی خیبرپختونخوااسمبلی کاآخری اجلاس بھی کورم کی نذرہوگیا ،خیبرپختونخوااسمبلی کااجلاس سپیکرکی عدم موجودگی میں پینل آف چیئرمین محمودجان کی زیرصدارت ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیرسے شروع ہواتواجلاس کے آغاز پر ضیاء اللہ آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی تین دفعہ گھنٹیاں بجائی گئیں ،اجلاس کو غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیاگیاکیونکہ اس وقت ایوان میں صرف پندرہ اراکین
موجود تھے جب کہ کورم کے لئے 28اراکین کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اجلاس کے اختتام سے قبل پینل آف چیئرمین محمودجان نے اختتامی دعامانگتے ہوئے کہاکہ اللہ ان لوگوں کو دوبارہ اسمبلی میں لائیں جو اس صوبے او رملک کے ساتھ مخلص ہیں اللہ کبھی بھی ان لوگوں کو منتخب نہ کریں جو اس صوبے اور ملک کے ساتھ مخلص نہیں۔اسمبلی ہال میں بعض اراکین نے شیم شیم کے نعرے بھی لگائے بعدازاں اسمبلی اجلاس غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔