لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،نگراں سیٹ اپ ،ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابی مہم سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پارٹی قائد کو پنجاب میں نگراں سیٹ اپ کیلئے قائد حزب اختلاف
میاں محمود الرشید سے ہونے والی ملاقات اور اس میں زیر بحث آنے والے ناموں بارے آگاہ کیا اوردونوں طرف سے پیش کئے جانے والے ناموں کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران صدر مملکت کی جانب سے عام انتخابات کیلئے 25جولائی کی تاریخ کی منطوری کے بعد ٹکٹوں کی تقسیم ، ملک بھر میں انتخابی مہم سمیت دیگر معاملات بھی زیر غور آئے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات میں مضبوط اور بے داغ کردار کے حامل امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے جائیں گے۔