اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ناول نگار اور عمران سیریز کے سیکڑوں ناول لکھنے والے شہرہ آفاق مصنف مظہر کلیم ایم ۔ اے ملتان میں انتقال کر گئے۔ مظہر کلیم ایم۔ اے طویل عرصے سے بستر علالت پر موجود تھے۔ان کی نماز جنازہ آج دوپہر ملتان کی ابدالی مسجد میں ادا کی جائے گی۔ مظہر کلیم کا شمار پاکستان کے کامیاب قانون دانوں میں بھی ہوتا تھا لیکن ان کی ایک وجہ شہرت
معروف جاسوسی ناول عمران سیریز بھی تھی۔22 جولائی 1942ء کو ملتان میں پیدا ہونے والے مظہر کلیم کی وجہ شہرت ریڈیو ملتان کا مشہور سرائیکی ٹاک شو “جمہور دی آواز” بھی بنا جس کےوہ اینکر پرسن رہے۔مظہر کلیم نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے اردو ادب میں ایم اے اور ایل ایل بی کیا۔ جس کے بعد وہ ملتان بار کونسل کے نائب صدر بھی منتخب ہوئے اور ملتان کی ضلعی عدالتوں کے سربراہ بھی رہے۔ جاسوسی ناول ’’عمران سیریز ‘‘ کا آغاز اگرچہ ابن صفی نے کیا لیکن مظہر کلیم نے اپنی عمران سیریز میں نئے کرداروں کو متعارف کروایا اور اس جاسوسی کردار کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچادیا۔ چند سال قبل مظہر کلیم کے اکلوتے صاحبزادے فیصل انتقال کر گئے تھے جن کی ناگہانی وفات کا مظہر کلیم پر بہت اثر پڑا۔ آپ نے اپنے بیٹے کے نام پر عمران سیریز کے سلسلہ وار ناول میں ایک کردار بھی تخلیق کیا ۔مظہرکلیم اپنے ناول کے آغاز میں قارئین کے منتخب خطوط بھی شامل کرتے تھے جس میں عموماََ وہ اپنے اکلوتے صاحبزادے کا ذکر بھی کرتے رہتے تھے۔ آپ کے ناولز میں جذبہ حب الوطنی اور اسلام سے محبت کا درس شامل ہوتا تھا ۔ آپ کی تحریر اس طرح کی ہوتی تھی کہ قارئین ناول کے کرداروں کو زندہ محسوس کرتے اور تمام کہانی اپنے اردگرد چلتی ہوئی محسوس کرتے تھے۔ آپ نے اپنے بیٹے کے نام پر عمران سیریز کے سلسلہ وار ناول میں ایک کردار بھی تخلیق کیا