کراچی (این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن)نے آئندہ عام انتخابات میں صرف ان امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جو صادق و امین کی شرط پر پورے اترتے ہوں،امیدواروں کو ایک ایسے حلف نامہ بھی دینا پڑے گا جس میں پارٹی قائد میاں نواز شریف اور صدر میاں شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرنا ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے حال ہی میں سماجی رابطوں کی
وہیب سائٹ ٹوئیٹرپر امیدواروں کے لئے جو حلف نامہ شیئر کیا گیا ہے اس میں یہ حلف نامے کی یہ عبارت موجود ہے کہ “میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدنواز شریف اور صدر شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں اور یہ کہ میں آرٹیکل62 میں بیان کی گئی شرائط پر پورا اترتا ہوں”۔ پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواستیں دینے والے امیدواروں سے یہ تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے قبل وہ کس سیاسی جماعت سے منسلک رہے ہیں۔درخواستیں وصول کرنے کا سلسلہ 15مئی کو شروع کیا گیا تھا جو 25مئی تک جاری رہے گا۔قومی اسمبلی کی عام نشست کے لئے درخواست گزار کو50,000 روپے،قومی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لئے100,000روپے، صوبائی اسمبلی کی عام نشست کے لئے30,000روپے، صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کے لئے فیس75,000روپے مقرر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی اپنی پانچ سالہ آئینی مدت 31مئی کو مکمل کرنے کے بعد تحلیل ہوجائے گی جس کے ساتھ ہی موجودہ وفاقی کابینہ بھی ختم ہوجائے گی اور ملک میں نگراں سیٹ اپ کا قیام میں آجائے گا جو آئندہ عام انتخابات کی نگرانی کرے گا۔