کراچی(آئی این پی) امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کو شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔طالبہ کی تدفین کے موقع پر اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے شرکت کی۔اس سے قبل سبیکا کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی رہنما
سعید غنی، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال سمیت سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد حکیم سعید گراؤنڈ میں موجود تھی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔سبیکا شیخ کی میت ترکش ایئرلائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے آج صبح 4 بجے کے قریب کراچی پہنچی تھی۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہل کاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی۔