اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر مسلسل تسبیحات پڑھتے رہے۔احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنما موجود تھے۔ نواز شریف کی جانب سے بیان ریکارڈ کرانے کے دوران پارٹی کے مختلف رہنما الگ الگ سرگرمیوں میں مصروف
رہے، نواز شریف روسٹرم پر آئے تو مریم نواز نے اپنے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ساتھ بٹھالیا اور وہ مسلسل تسبیح پڑھتے رہے۔نواز شریف کے بیان کے دوران سینیٹر عباس آفریدی کمرہ عدالت میں مسلسل ٹہلتے رہے ٗ مریم نواز، مریم اورنگزیب اور ڈاکٹر مصدق ملک محو گفتگو رہے۔سماعت شروع ہونے سے قبل کمرہ عدالت میں نواز شریف نے امیر مقام کے ساتھ معانقہ کرتے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ امیر مقام اتنے لمبے ہیں کہ اوپر دیکھ کر ملنا پڑتا ہے۔