پی آئی اے کے اہم ترین عہدیدارکی ڈگری جعلی نکلی،مبینہ طور پرجعلی ڈگری کے ذریعے تقرریاں حاصل کیں،افسوسناک انکشافات کراچی(این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے جنرل منیجر فلائٹ آپریشن انور ندیم کی ایم بی اے کی ڈگری جعلی نکلی۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کمرشل آڈٹ نے جی ایم فلائٹ آپریشن کی نئے عہدے پر تقرری اور
ترقی کو بھی خلاف ضابطہ قرار دے دیا۔ گورنمنٹ کمرشل آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہےکہ انور ندیم کی ایم بی اے کی سند جعلی ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی فلپائن سے سند کی تصدیق نہیں کی ہے۔آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے ملازم انور ندیم نے مبینہ طور پرجعلی ڈگری کے ذریعے تقرریاں حاصل کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انور ندیم کے خلاف بلا تاخیر ضابطے کی کارروائی کی جائے۔دوسرے ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ کرنے پر آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انور ندیم خود ایک جعلی ڈگری کا حامل ہے، وہ دوسروں کی ڈگریوں کی جانچ کیسے کر رہا ہے۔گورنمنٹ کمرشل آڈٹ رپورٹ میں 14 کروڑ روپے کی ادائیگیاں بھی غیر قانونی قرار دے دی گئی ہیں، رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ انورندیم کی ترقیوں اور غیرقانونی ادائیگیوں کو واپس لیا جائے۔خیال رہے کہ پی اے آئی میں مالی بے ضابطگیوں کے کیسز کے ساتھ ساتھ ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے کیسز بھی سامنے آتے رہے ہیں، رواں سال مارچ میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی ایئرلائن کے 659 ملازمین کی ڈگریوں کے جعلی ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔