اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مشہور ومعروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل ،نواز شریف کے گھر آئے جس پر میڈیا نمائندوں نے ان کی گاڑی کو گھیرلیا۔ مولانا طارق جمیل نے گاڑی میں ہی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو جو میں کہوں گا وہ سارا چلانا ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ ماہ قبل میں جاتی امرا میں نواز شریف کی اہلیہ کا حال پوچھنے گیا تھا ، میں جب وہاں سے نکلا تو مجھے جلدی تھی لہٰذا میں رکا نہیں اور نہ ہی میڈیا کو بلایا۔کسی نے خبر چلائی کہ تعویز دینے گئے،
کسی نے خبر چلائی کہ وظیفہ بتانے گئے، ایک ٹی وی نے خبر چلائی کہ سب سے پہلے ہم آپ کو خبر دے رہے ہیں کہ مولانا طارق جمیل نواز شریف کو حکومت بچانے کا وظیفہ دینےگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج بھی میڈیا کو دیکھ کر ڈر گیا کہ کوئی خبر ہی نہ چلا دیں، میں اس دن میاں صاحب کی اہلیہ کی عیادت کے لیے گیا تھا اور آج میں میاں صاحب کی عیادت کے لیے آیا تھا،میں نے تب چائے کی پیالی پی تھی ، چائے کے علاوہ میں کسی چیز کا روادار نہیں۔