اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جسم میں وٹامن بی 12 کی کمی بہت عام ہوتی ہے، جس کا اظہار مختلف عوارض کی شکل میں ہوتا ہے۔ درحقیقت وٹامن بی 12 متعدد جسمانی افعال کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے اور حیران کن طور پر بیشتر افراد اس کی کمی کی علامات کو نظر انداز کردیتے ہیں۔ یہاں آپ اس وٹامن کی کمی کی علامات جان سکیں گے۔ کمزوری، سرہلکا ہونا اور تھکاوٹ کلیولینڈ کلینک کے مطابق جسمانی کمزوری
اور تھکاوٹ وٹامن بی 12 کی کمی کی عام ترین علامات میں سے ایک ہے، جب اس وٹامن کی سپلائی کم ہوتی ہے تو جسم میں خون کے سرخ خلیات بننے کی شرح بھی کم ہوجاتی ہے جو کہ آکسیجن کی فراہمی کے لیے ضروری ہے، ایسا ہونے پر غنودگی، تھکاوٹ، غصہ اور سرہلکا ہونے جیسے احساسات ہوسکتے ہیں۔ عام طور پر لوگ ان علامات کو نیند کی کمی، طویل دفتری اوقات اور تناﺅ کا باعث سمجھتے ہیں، تاہم اگر حالت بدتر ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں جو وٹامن بی 12 کے لیول کا بلڈ ٹیسٹ کا مشورہ دے سکے گا۔ سانس لینے میں مشکل وٹامن بی 12 کی ایک اور ممکنہ علامت سانس گھٹنا یا لینے میں مشکل کا سامنا ہے، جیسا بتایا جاچکا ہے کہ یہ وٹامن بی ہیموگلوبن بننے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے جوکہ دوران خون کے ذریعے جسم کو آکسیجن پہنچاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس وٹامن کی کمی سے جسم کو آکسیجن کی فراہمی کم ہوتی ہے اور سانس گھٹنے اور کمزوری جیسی شکایات پیدا ہوتی ہیں۔ اگر غیرمتوقع تھکاوٹ، سانس لینے میں مشکل، زبان پھولنے کا سامنا ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ سوئیاں چبھنے کا احساس اس وٹامن کی کمی اعصابی خلیات کو نقصان پہنچاتی ہے جس کے نتیجے میں ہاتھوں اور پیروں میں سوئیاں چبھنے کا احساس ہوتا ہے، اگر اسے نظرانداز کیا جائے تو یہ مستقل نشانہ بنانے لگتی ہے۔ اس وٹامن کی کمی ریڑھ کی ہڈی، عصبی خلیات اور دیگر کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور کمر جھک جاتی ہے۔
جلد زردی مائل ہوجانا ویسے تو یہ یرقان کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے مگر وٹامن بی 12 کی کمی سے بھی جلد کی رنگت زردی مائل ہوسکتی ہے، خون کے سرخ خلیات کے بننے کا انحصار اس وٹامن پر ہوتا ہے اور وہ متاثر ہو تو اینیمیا کی ایک قسم کا خطرہ بڑھتا ہے۔ زبان کی سوجن اگر آپ گوشت کھانا پسند نہیں کرتے تو وٹامن بی 12 کی کمی کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے اور عام طور پر اس کی علامت منہ سے ظاہر ہوتی ہے۔
یعنی زبان سوج جاتی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال بدتر ہونے کا امکان بھی ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ یہ وٹامن گوشت، چکن، مچھلی، انڈوں وغیرہ میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ قبض، گیس بننا یا کھانے کی خواہش کم ہوجانا نظام ہاضمہ کے مسائل کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں اور ان میں سے ایک وٹامن بی 12 کی کمی بھی ہے، اگر اس کو نظرانداز کیا جائے تو قبض شدید ہوسکتی ہے، بدہضمی، گیس، ہیضہ اور کھانے کی خواہش ختم ہوسکتی ہے۔
اس وٹامن کی کمی غذائی نالی کے افعال پر منفی انداز سے اثرانداز ہوتی ہے اور اس سے بچاﺅ کا طریقہ اس وٹامن کے سپلیمنٹ کا استعمال ہوتا ہے، تاہم ایسا ڈاکٹر کو چیک کرانے کے بعد کرنا چاہئے۔ بینائی کمزور ہونا وٹامن بی 12 کی کمی بینائی کے لیے ضروری عناصر کو بھی متاثر کرتی ہے جس کے نتیجے میں نظر کی کمزوری کا سامنا ہوسکتا ہے، ایک حالیہ طبی تحقیق کے مطابق اس وٹامن کے سپلیمنٹ
کا لمبے عرصے تک استعمال نظر دھندلانے کا خطرہ کم کرتا ہے۔ ڈپریشن یہ تو قدرتی امر ہے کہ جسم میں اگر کسی اہم وٹامن کی کمی ہو تو ڈپریشن اور چڑچڑے پن کا سامنا زیادہ ہوتا ہے، وٹامن بی 12 کے ساتھ بھی یہی مسئلہ ہے کیونکہ اس کی کمی دماغ میں ایک ہارمون سیروٹونین بننے کے عمل کو متاثر کرتی ہے، یہ ہارمون مزاج کو کنٹرول کرتا ہے اور اس کی کمی ڈپریشن وغیرہ کا باعث بن سکتی ہے۔ ہڈیوں کی کمزوری کیلشیئم اور وٹامن ڈی کی طرح، وٹامن بی 12 بھی ہڈیاں تشکیل دینے والے خلیات کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی سے ان خلیات کے افعال متاثر ہوتے ہیں اور ہڈیوں کے بھربھرے پن کا خطرہ بڑھتا ہے، اس بیماری میں ہڈیاں کمزور، نازک یا بھربھری ہوجاتی ہیں جس کے نتیجے میں فریکچر یا ٹوٹنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔