اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی تقریر کے بعد پیمرا نے نیوز چینلز کیلئے نئی ایڈوائس جاری کر دی ہے جس کے تحت ملک کی سلامتی اور وقار کے منافی پروگراموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے سیکشن 27 کے تحت ٹی وی چینلز کیلئے جاری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف نفرت یا شرانگیز نشریات پیش نہیں کی جا سکتیں اور نہ ہی ملک کے خلاف شرانگیز تقریر یا انٹرویو نشر کیا جائے گا۔ پیمرا کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ، افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے خلاف نشریات ممنوع ہیں، ملکی سلامتی کے خلاف نشریات پیش نہیں کی جا سکتیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے پیمرا کے قائم مقام چیئرمین کو ایک خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ ٹی وی چینلز نے الطاف حسین کی وہ تقریر براہ راست نشر کی جس میں انہوں نے لوگوں کو نفرت پر اکسایا۔ حکومت نے خط میں ٹی وی چینلز کے خلاف پیمرا رولز کی دفعہ 27 کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا
مزید پڑھئے:راجہ داہر کون تھا؟ جو ’’بائی رانی‘‘ سے شادی کرے گا وہ سندھ کا بادشاہ بنے گا