ٹنڈوجام(این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ حکومت بجٹ میں تبدیلی کرسکتی ہے لیکن چیلنج کرتا ہوں بجٹ میں ایک لفظ تبدیل نہیں کرپائیں گے کیونکہ یہ عوام دوست اور پاکستان کے مسائل کے حل کا بجٹ ہے ٗمشرف دور اور پیپلزپارٹی کے دور کے کام دیکھ لیں اور پھر (ن) لیگ کے بھی کام دیکھ لیں، کئی گنا فرق نظر آئیگا ٗٹیکس کی شرح آدھی کی گئی جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں بجٹ پاس ہوگا ۔
اور اسی سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی ٗہم نے گن کر 10 ہزار میگاواٹ بجلی لگائی، ہمارے کاموں کی ختم نہ ہونے والی لمبی فہرست ہے ۔ ہفتہ کو ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ فیسیلٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیلنج کرتا ہوں ہم سے گیس، بجلی اور سڑکوں پر مناظرہ کرلیں ٗ بہت حکومتیں اور بڑے دعویدار موجود ہیں جوکہتے ہیں سندھ کی ترقی کیلئے بہت کام کیا۔انہوں نے کہا کہ جووعدے کیے انہیں پورا کیا جارہا ہے ٗسندھ میں ہائی وے بھی نوازشریف اور (ن) لیگ نے بنائی ٗاس کی چوتھی اور پانچویں لین بھی ہم بنائیں گے، مشرف دور اور پیپلزپارٹی کے دور کے کام دیکھ لیں اور پھر (ن) لیگ کے بھی کام دیکھ لیں، کئی گنا فرق نظر آئے گا ٗیہ کام عوام کو نظر آتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ (ن) لیگ نے ثابت کیا کہ وہ ملک کی ترقی کیلئے کام کرتی ہے، جو مرضی باتیں کرلیں کسی پر کوئی الزام نہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب حکومت آئی جو حالت بجلی گیس کی ملک میں تھی ٗ انڈسٹری بند تھی، سی این جی اسٹیشن بند ہورہے تھے، ملک ایک بحران کی کیفیت میں تھا، امن و امان کی حالت یہ تھی کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں سفر کرنا مشکل تھا، کراچی میں لوگ گھروں سے نکلنے سے گھبراتے تھے ٗیہ 2013 کی کیفیت تھی، جو شہر دنیا کے 5 خطرناک ترین شہروں میں شامل تھا آج وہاں ہوٹلوں میں جگہ نہیں ملتی اور سرمایہ کار آرہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں بہت سے لوگ باتیں کرتے رہے ٗحکومت ٹوٹ جائے گی اور چند دن کی مہمان ہے لیکن حکومت نے اپنی مدت پوری کی، منصوبے بھی پورے کیے، پاکستان کو ترقی بھی دی، ہم نے پانچ بجٹ پیش کیے، اسی کی بنیاد کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان کی تاریخ کا عوام دوست بجٹ کل اسمبلی میں پیش کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز ایک بات کی تنقید ہوئی کہ حکومت کو یہ بجٹ پیش نہیں کرنا چاہیے۔
بجٹ پیش کرنا حکومت کا کام ہے ٗعوام نے مینڈیٹ دیا ہے ٗحکومت آخری دن تک کام کرے ٗیہ ملک سے انصاف نہیں کہ ہم بغیر کسی بجٹ کے ملک کو چھوڑی دیں اور ملک 4 ماہ بند پڑا رہے، آئندہ حکومت بجٹ میں تبدیلی کرسکتی ہے لیکن چیلنج کرتا ہوں بجٹ میں ایک لفظ تبدیل نہیں کرپائیں گے ٗیہ عوام دوست اور پاکستان کے مسائل کے حل کا بجٹ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کی شرح آدھی کی گئی جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ۔
جو ٹیکس ریفامر پر تنقید کرتے ہیں وہ پہلے بتائیں پچھلے پانچ سال میں کتنا ٹیکس دیا، جو ٹیکس نہیں دیتے انہیں ڈر ہے وہ اب ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور انہیں ٹیکس دینا پڑیگا ٗ حکومت ان لوگوں کا پیچھا کریگی جو ٹیکس ادا نہیں کرتے، ان کی وجہ سے غریب پر ٹیکس کا بوجھ پڑتا ہے، وہ لوگ جو ٹیکس ادا نہیں کرتے وہ بجٹ کے مخالف ہیں تاہم بجٹ پاس ہوگا اور اسی سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ہمیشہ سنتے آئے تھے تھر میں بہت کوئلہ ہے ٗ ریکوڈک میں کاپر اور سونے کے ذخائر ہیں، کے پی اور آزاد کشمیر میں ہائیڈروپاور ہے، اگر یہ حکومت کام نہ کرتی تو تھر کا کوئلہ زمین میں ہی رہتا، سی پیک کے حوالے سیکول کی ڈیویلپمنٹ ہورہی ہے اور پاور پلانٹ لگ رہے ہیں، جو کوئلہ جب سے دنیا بنی زمین میں پڑا رہا اسے آج نکالا گیا اب یہ ملک کے استعمال میں آئیگا ٗ کوشش ہے ریکوڈک بھی پاکستان کے کام آئے ٗاس کیلئے بلوچستان حکومت کو کہا ہے کہ وفاقی حکومت آپ کی مدد کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے پاکستان کی تاریخ کی پہلی واٹر پالیسی پر اتفاق ہوا ٗاس پر کام شروع کردیا گیا ہے، جب سے پاکستان بنا 500 کلو میٹر موٹروے ہم نے بنائی جسے آج 1700 کلو میٹر کیا جارہا ہے ٗہم نے گن کر 10 ہزار میگاواٹ بجلی لگائی، ہمارے کاموں کی ختم نہ ہونے والی لمبی فہرست ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جھوٹے وعدوں اور کسی کو گالی دینے سے کام نہیں بنتا ٗ یہ نوازشریف اور (ن) لیگ ہے جس نے شرافت اور خدمت کی سیاست کی، آج عوام کو کام کرکے دکھایا ٗ اب فیصلہ بھی عوام نے کرنا ہے۔