اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )یو اے ای میں پچھلے 8 سال سے کشتی چلانے والے ایک پاکستانی نوجوان کے ساتھ گزشتہ روز ایک ایسا خاص مسافر آن بیٹھا جسے دیکھ کر نوجوان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ یہی نہیں بلکہ اس پاکستانی نوجوان کے لئے شاندار تعریفی کلمات کہتے ہوئے اسے پل بھر میں سارے متحدہ عرب امارات میں مشہور کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والا 25 سالہ مبشر ظہور الٰہی مقامی
لوگوں اور سیاحوں کو دبئی کریک، اولڈ سوک اور بنی یاس کے مقامات پر کشتی میں ایک جانب سے دوسری جانب لاتا لے جاتا ہے۔ گزشتہ روزمبشر کو اس وقت خوشگوار حیرت ہوئی جب ان کی کشتی میں کوئی اور نہیں بلکہ دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم آن بیٹھے۔ اس موقع پر شیخ حمدان نے مبشر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین کپتان (ملاح) قرار دیا۔ انہوں نے یہ بات سوشل میڈیا پر اپنے 60 لاکھ سے زائد انسٹاگرام فالوورز کے سامنے لائیو براڈ کاسٹ میں کہی۔ خلیج ٹائمز سے بات کرتے ہوئے مبشر کا کہنا تھا مجھے تو ابھی تک یقین نہیں آرہا۔ میں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں کرپارہا تھا کہ شاہی خاندان کا ایک فرد میرے ساتھ مسافر کے طور پر موجود تھا۔ جب شیخ حمدان اور ان کے ساتھی میری کشتی میں تھے تو میں نے بہت اچھا محسوس کیا کیونکہ وہ ایک شہزادے کی بجائے کسی پرانے دوست کی طرح میرے ساتھ پیش آئے۔واضح رہے کہ شیخ حمدان کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 65 ہزار سے زائد مرتبہ لائیک کیا گیا ہے اور اس پر 2000 سے زائد کمنٹ کئے گئے ۔