کوئٹہ (این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ضیاء ) کے مرکز ی صدرسابقہ وفاقی وزیر مذہبی امور وحج اوقاف اور رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہاہے کہ آنیوالے انتخابات میں نواز شریف کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ وہ ان قوتوں اور سیاسی جماعتوں کا ساتھ دیتے ہیں جو فوج کو گالیاں دیتے ہیں جن میں محمود خان اچکزئی ،حاصل خان بزنجو ،رضاربانی شامل ہیں ،انہوں نے یہ بات اسلام آباد روانگی سے قبل ’’این این آئی ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہاکہ سابقہ دور حکومت نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی صرف کاغذی دعوے کئے گئے عملی طورپر نہ لوگوں کی خدمت اور نہ ہی ان کو روز گاردیا گیا ،نوجوان تعلیم یافتہ اور بے روزگار ہیں آنیوالے انتخابات بہت مشکل ہونگے اور غیر متوقع نتائج سامنے آئیں گے جس کا خود سیاسی جماعتوں کو اندازہ نہیں ہے کیونکہ عوام کو اب شعور آگیاہے وہی پارٹیاں کامیاب ہونگی جو عوام کی خدمت کرتی ہے ،صرف زبانی جمع خرچ سے کسی مسئلے کا حل نہیں نکلے گا ،نواز شریف نے جو پالیسی اپنائی ہوئی ہے وہ صحیح نہیں ہے ،اداروں پر تنقید کرنا کوئی بڑی بات نہیں جس سے نقصان ہوسکتاہے ،انہوں نے ابھی تک دل سے اپنے بارے میں جو فیصلہ ہواہے وہ قبول نہیں کیا ہے اور وہ فوج اور معزز عدالت پر بھی تنقید کرنے سے گریز نہیں کرتے ہیں اور جو سیاسی جماعتیں فوج پر تنقید کرتے ہیں وہ انکا ساتھ دیتے ہیں جن میں محمود خان اچکزئی ،رضاربانی ،حاصل خان بزنجو شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ چند روز کے بعد دوبارہ کوئٹہ آئیں گے اور اپنی پارٹی کو فعال کرنے میں کوشش کرینگے ،پہلے الیکشن میں ہماری پارٹی بہت چھوٹی تھی اب انشاء اللہ الیکشن میں بڑی پارٹی ہوگی میں نے اپنے کوئٹہ میں قیام کے دوران صوبائی وزراء ،ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کی ہے اور
یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا کیونکہ اب الیکشن قریب ہے موسم بھی اچھا اور سیاسی جماعتیں اپنی اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں جب الیکشن ہونگے اس وقت پنجاب میں عروج کی گرمی ہوگی میدان بھی گرم ہوگا سیاسی جماعتیں بھی گرمی میں جلسے وجلوس کرینگے اور مقابلہ سخت ہوگا حتمی فیصلہ عوام ہی کرینگے کہ کس نے کس کی کتنی خدمت کی ہے ،انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی کامیابی مشکل ہے سابقہ وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے عام انتخابات میں جیتنے کے امکانا ت ہیں ۔