اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت ایمنسٹی سکیم متعارف کرانے کے لیے تیار ہے جسے بہت جلد ہی پیش کیا جائے گا۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کے لیے مثبت ثابت ہو گا اور قومی معیشت کے لیے مددگار بھی ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں درآمدات برآمدات سے کہیں زیادہ ہیں لیکن ڈالر کی قیمت میں اضافے سے برآمدات پر مثبت اثر پڑے گا۔ انہوں نے مذید کہا کہ درآمدات کی کمی ترسیلات زر
میں اضافہ کرے گی۔ مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو گی اور پاک چین اقتصادی راہداری کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ملک کو بہت فائدہ ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے کسی بھی پروگرام کے لیے نہیں جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب 12.8 بلین ڈالرز غیر ملکی ذخائر ہیں جو اگلے 4 ماہ میں 600 ملین ڈالرز مذید بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی جی ڈی پی میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔