اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تیس سالہ ایپرل برکر 13 سال کی عمر سے پتلیوں کی شوقین ہیں اور ہمہ وقت درجنوں پتلیوں کو اپنے ساتھ رکھتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ جب ان کی شادی ہوئی تو کچھ عرصے بعد ہی ان کے شوہر پتلیوں سے حسد کرنے لگے۔ وہ سمجھتے تھے کہ ایپرل ان کی بجائے پتلیوں سے زیادہ محبت کرتی ہیں لہٰذا انہوں نے دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنے کو کہہ دیا۔ ایپرل کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر تو انہوں نے پتلیوں کو چھوڑ کر اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا لیکن کچھ ماہ کے بعد ان کا ضبط جواب دے گیا اور وہ اپنی پتلیوں کی محبت میں بے حال ہوگئیں۔ انہوں نے شوہر سے صاف کہہ دیا کہ وہ ان کے بغیر رہ سکتی ہیں مگر پتلیوں کے بغیر نہیں۔اب وہ ریاست مشی گن میں اپنی 16پتلیوں کے ساتھ رہتی ہیں اور اپنے روز و شب ان کی خدمت میں گزارتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ پتلیوں کی دیکھ بھال، ان کے کپڑوں اور دیگر ضروریات پر سالانہ 14 ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 21 لاکھ پاکستانی) روپے خرچ ہوتے ہیں لیکن انہیں اس بھاری خرچ کی پرواہ نہیں ہے کیونکہ ان کی پتلیاں ان کے لئے بچوں کی طرح ہیں اور وہ ان کے ساتھ بہت خوش ہیں۔