اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے صادق سنجرانی کی بطور چیئرمین سینیٹ نامزدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اور فاٹا کو اہم عہدے دینے سے احساس محرومی کم ہوگا،مین سینیٹ کے عہدے پر بلوچستان کا حق بنتا ہے اور ہم چاہتے ہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ فاٹا سے ہو جبکہ وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تحریک انصاف نے بلوچستان کا حق تسلیم کر کے اچھی روایت قائم کی اور حمایت کرنے پر عمران خان کے مشکور ہیں۔
اتوار کووزیراعلی بلوچستان عبدالقدس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کے آزاد سینیٹرز کا وفد بنی گالا پہنچا جہاںانہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے کی گئی کوششوں سے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی اور انوار الحق کاکڑ سمیت دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ بلوچستان اور فاٹا کو اہم عہدے دینے سے احساس محرومی کم ہوگا، چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر بلوچستان کا حق بنتا ہے اور ہم چاہتے ہیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ فاٹا سے ہو۔اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ تحریک انصاف نے بلوچستان کا حق تسلیم کر کے اچھی روایت قائم کی اور حمایت کرنے پر عمران خان کے مشکور ہیں۔