امریکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈے پروٹین کے حصول کا سب سے آسان، سستا اور پرتنوع ذریعہ ہے، مگر اس سے ہٹ کر بھی یہ بہت کچھ ایسا جسم کو فراہم کرتے ہیں جس کا آپ نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔ یہ امینو ایسڈز، اینٹی آکسائیڈنٹس اور آئرن سے بھرپور ہوتے ہیں اور اس کی زردی جسم میں چربی کے خلاف مزاحمت کرنے والے جز کولین کو بڑھاتی ہے جس سے موٹاپے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ انڈوں کے جسم پر مرتب ہونے والے حیرت انگیز اثرات ہوسکتا ہے آپ کو اسے کھانے پر مجبور کردیں۔
جسمانی دفاعی نظام میں بہتری اگر آپ انفیکشنز، وائرس اور دیگر امراض سے تحفظ چاہتے ہیں تو روزانہ ایک انڈہ کھانا چاہیے۔ ایک امریکی تحقیق کے مطابق ایک انڈے میں سلینیم کی اتنی مقدار ہوتی ہے جو جسمانی دفاع نظام کو سپورٹ کرکے تھائی رائیڈ ہارمون کو ریگولیٹ کرتی ہے جس سے مختلف امراض سے تحفظ ملتا ہے۔ کولیسٹرول کی سطح میں بہتری انڈوں میں کولیسٹرول کی مقدار کافی ہوتی ہے یعنی 212 ملی گرام، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ جسم میں ‘برے’ کولیسٹرول کی سطح کو بڑھانے کا کام کرتا ہے۔ جسم خود بھی کولیسٹرول بنانے کا عمل مسلسل جاری رکھتا ہے اور ایک تحقیق کے مطابق انڈے ہماری کولیسٹرول پروفائل کو بہتر بنانے کا کام کرتے ہیں اور اچھے کولیسٹرول کی سطح کو بڑھاتے ہیں۔ امراض قلب کا خطرہ کم کرتے ہیں جسم میں خراب کولیسٹرول کی سطح میں اضافے سے شریانیں متاثر ہوتی ہیں اور وہاں ایل ڈی ایل پارٹیکلز جمع ہونے لگتے ہیں جس سے امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ متعدد طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ انڈے کولیسٹرول کی سطح تو بڑھاتے ہیں مگر وہ ان میں ایسی تبدیلیوں کا باعث بنتا ہے جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ جسمانی توانائی بڑھائے انڈوں میں وٹامن بی ٹو کی ایک قسم ریبوفلیوین پائی جاتی ہے جو جسم کا حصہ بننے والی خوراک کو ایندھن میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے جس سے مختلف کاموں کے لیے توانائی ملتی ہے۔
اسی لیے انڈوں کو توانائی فراہم کرنے والی بہترین غذاﺅں میں سے ایک بھی قرار دیا جاتا ہے۔ جلد اور بالوں کی چمک بڑھائے وٹامن بی صحت مند جلد، بالوں، آنکھوں اور جگر کے لیے بھی ضروری مانا جاتا ہے جبکہ انڈے اس وٹامن کے ساتھ ساتھ وٹامن بی فائی اور بی 12 سے بھی بھرپور ہوتے ہیں جو اعصابی نظام کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ دماغ کو تحفظ دیں انڈے دماغی غذا بھی قرار دیئے جاتے ہیں۔
ایک برطانوی تحقیق کے مطابق انڈوں میں شامل جز کولین دماغی صحت کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ اس کی کمی مختلف دماغی امراض اور افعال کی کارکردگی میں تنزلی لانے کا باعث بنتی ہے۔ تناﺅ سے بھی بچائے انڈوں میں ایسے ضروری امینو ایسڈز موجود ہوتے ہیں جو جسم کے لیے ضروری ہوتے ہیں اور ان کی کمی سے ذہن پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انڈوں کا استعمال ذہنی تناﺅ میں نمایاں کمی لانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔
بینائی کے لیے بہترین انڈوں میں ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو آنکھوں کے تحفظ کا کام کرتے ہیں تاہم زردی میں ہی یہ اینٹی آکسائیڈنٹس پائے جاتے ہیں۔ ان کے استعمال سے عمر کے ساتھ آنکھوں کے پٹھوں میں آنے والی تنزلی اور موتیے وغیرہ کا خطرہ کم کرتا ہے۔ ہڈیاں اور دانت مضبوط بنائے انڈے وٹامن ڈی فراہم کرنے والی چند غذاﺅں میں سے ایک ہیں جو صحت کے ساتھ ساتھ ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لیے ضروری وٹامن ہے۔
انڈوں سے کیلشیئم کو جذب کرنے میں بھی مدد ملتی ہے اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں یہ جز ہڈیوں اور دانتوں کے لیے کتنا ضروری ہے۔ پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ پروٹین والا ناشتہ دن کے دیگر حصوں میں الم غلم کھانے کی خواہش کم کرتے ہیں، انڈوں میں شامل زیادہ پروٹین اس حوالے سے فائدہ مند ہے، جس سے جنک فوڈ کی خواہش کم ہوتی ہے جبکہ پیٹ بھرنے کا احساس بھی دیر تک برقرار رہتا ہے۔ جسمانی چربی میں کمی انڈے چربی کو تیزی سے گھلانے کا کام کرتے ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق اگر جسمانی وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو انڈوں کے استعمال سے نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔ یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔