کراچی۔۔۔متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جس طرح کا عمل کرے گی اسے اس سے زیادہ شدت سے رد عمل دیں گے اوراگر ہمارے احتجاج پر قرارداد لائی گئی تو پیپلزپارٹی کے جلسے پر مذمتی قرارداد پیش کریں گے۔سندھ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کے احتجاج کو غلط رنگ دے رہی ہے اور اگر جلسے جلوس اور سیاسی عمل کو قرارداد کے ذریعے ایوان میں لے کر آنا چاہتی ہے تو پیپلزپارٹی کے جلسے کے خلاف بھی مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی چاہے وہ قبول ہویا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کی مذمت نہیں کرسکتے اگر کسی بھی جمہوری عمل کی مذمت کی گئی تو جواب بھی اسی شکل میں آئے گا۔خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ اپنی طرف سے پارلیمانی روایات کو توڑنے میں کبھی بھی پہل نہیں کریں گے اور یہی توقع پیپلزپارٹی سے بھی ہے لیکن ابھی حکومت میں نئے وزیر ہیں جنہیں ان روایات کا علم نہیں تاہم کوشش ہوگی کہ پارلیمانی روایات کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے لئے پارٹی کا متفقہ فورم رابطہ کمیٹی ہے جو اس کا فیصلہ کرے گا جبکہ اپوزیشن بنچز کے لئے اسپیکر سے اپیل ہے کہ اپوزیشنز بنچز الاٹ کریں یا جس جگہ اراکین بیٹھے ہیں انہیں اپوزیشن بنچز قرار دیں۔