پشاور(این این آئی)خیبرپختونخواکے سینٹ کی گیارہ نشستوں کیلئے انتخابات آج ہورہے ہیں پولنگ صبح نوبجے سے سہ پہرچاربجے تک جاری رہے گی جس کیلئے صوبائی اسمبلی کی بلڈنگ کو پولنگ سٹیشن قراردیاگیاہے جہاں خیبرپختونخوااسمبلی کے اراکین اپنے حق رائے دہی کااستعمال کرینگے ۔صوبے کی11خالی نشستوں میں سے سات جنرل اور دودوٹیکنوکریٹ اور خواتین کی ہیں۔سینٹ کے سات جنرل نشستوں میں سے 13امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے بہرمنداورفیصل سخی بٹ،
تحریک انصاف کے خیال زمان ،عبدالطیف یوسفزئی،فدامحمدخان،فیصل جاوید،جماعت اسلامی کے مشتاق احمد،جے یوآئی کے طلحہٰ محمود اور گل نصیب خان ،مسلم لیگ ن کے پیر صابر شاہ اورعلی افضل جدون کے مابین مقابلہ ہوگا۔اسی طرح ٹیکنوکریٹ کی دونشستوں کے لئے مسلم لیگ ن کے دلاور خان، تحریک انصاف کے اعظم سواتی،جے یوآئی کے شیخ یعقوب اورآزادامیدوارمولاناسمیع الحق اور ڈاکٹرنثارخان کے مابین پنجہ آزمائی ہوگی۔ خواتین کی دونشستوں کے لئے سات امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں جے یوآئی کی نعیمہ کشور،پی ٹی آئی کی مہرتاج روغانی،اے این پی کی شگفتہ ملک،ن لیگ کی رئیسہ داؤداورثوبیہ شاہد، پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد اورقومی وطن پارٹی کی انیسہ زیب طاہرخیلی شامل ہے۔خیبر پختونخوااسمبلی میں سینیٹ انتخابات کی تیاریوں کوحتمی شکل دیدی،پولنگ صبح نوبجے سے شام چاربجے تک جاری رہے گی۔ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹ انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوکر جوشام 4 بجے تک جاری رہیگی۔صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد پریزائیڈنگ آفیسرجبکہ شہزاد احمد،خوشحال زادہ،ریاض احمد،سیدظہورشاہ،سہیل احمداورنویدالرحمان پولنگ آفیسرز کے طور پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں مجموعی طور پر 26امیدوار میدان میں ہیں۔جنرل نشستوں پر 13،ٹیکنوکریٹس پر 5 جبکہ خواتین کی نشستوں پر 8 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ن لیگ کے تمام امیدوار آزاد حیثیت میں حصہ لے رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا سے گیارہ سینیٹرز منتخب ہونگے،گیارہ نشستوں میں سات جنرل،دوخواتین اوردوٹیکنوکریٹس منتخب ہونگے۔